ممبئی،17/ جون (آئی این ایس انڈیا) شیوسینا کے سینئر لیڈر سنجے راؤت نے بدھ کو چین کی جارحیت کو منہ توڑ جواب دینے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ ہندوستان کے لوگ وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم آپ بہادر اور ایک جنگجو ہیں۔ملک آپ کی قیادت میں چین سے بدلہ لینا چاہتا ہے۔ چین کی جارحیت کو توڑتے ہوئے جواب کب دیا جائے گا؟ راوت نے ٹویٹ کیاکہ ہمارے 20 فوجی ایک بھی گولی چلائے بغیر شہید ہوگئے۔ ہم کیا کریں؟ کتنے چینی فوجی مارے گئے؟ انہوں نے کہاکہ موجودہ صورتحال میں ملک وزیر اعظم کے ساتھ ہے، لیکن حقیقت کیا ہے؟ کچھ بولیے ملک حقیقت جاننا چاہتا ہے۔ادھر مہاراشٹرا کے نائب وزیر اعلی اجیت پوار نے ہندوستان چین سرحد پر ملک کے تحفظ کے لیے شہید ہوئے ہندوستانی فوجیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ پوار نے کہا کہ تمام ہندوستانی ملک کی یکجہتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لئے متحد ہیں۔